
بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں گزشتہ شب دریحان کالونی میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے چھاپے مار کر دو نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا۔
لاپتہ نوجوانوں کی شناخت امام داد ولد کرمان بگٹی اور جان محمد ولد دادان بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق بگٹی قبیلے کی زیلی شاخ موندانی سے بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاپتہ نوجوان معروف مقامی ٹھیکیدار سیٹھ جمعہ خان گرانی بگٹی کے بھتیجے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق چھاپے کے دوران سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گھروں سے تین شاٹ گنیں، خواتین کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
مزید اطلاعات کے مطابق ٹھیکیدار جمعہ خان سے سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او عمر کھوسہ نے مبینہ طور پر دس لاکھ روپے ماہانہ بھتہ طلب کیا تھا۔ رقم دینے سے انکار پر اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مار کر لوٹ مار کی اور ان کے بھتیجوں کو جبری طور پر لاپتہ کردیا۔
اسی دوران، سوئی کے تحصیل بازار سے بھی سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مزید دو نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ جن کی شناخت قمبر ولد راحک بگٹی اور ملہار ولد کشمیر بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
