
خاران: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے ایک مقامی لیویز اہلکار حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا ہے۔ لاپتہ ہونے والے اہلکار کی شناخت بشیر احمد کبدانی ولد حاجی محمد حسین کبدانی سکنہ خاران کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 19 اکتوبر کی رات تقریباً 11 بجے تین گاڑیوں میں سوار چھ نقاب پوش اہلکاروں نے بشیر احمد کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق نقاب پوش افراد کا تعلق سی ٹی ڈی سے معلوم ہوتا تھا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کو پانچ روز گزرنے کے باوجود بشیر احمد کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بشیر احمد کو ماورائے عدالت طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔
فیملی نے اپنے جاری کردہ بیان میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خاران، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)، ڈی آئی جی رخشان اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ بشیر احمد کبدانی کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے اور واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
