
خاران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات پاکستانی فورسز نے مسکان قلات (حسن آباد) میں چھاپہ مار کارروائی کی، جس دوران پانچ نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کر دیا گیا۔ لاپتہ افراد کے بارے میں تاحال کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائی رات تقریباً دو بجے کی گئی، جب فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر نوجوانوں کو ساتھ لے جایا۔ لاپتہ ہونے والوں کی شناخت احمد شاہ (گیارہ سال سے لاپتہ محمود شاہ کے بھائی)، جہانگیر بلوچ (بی این پی رہنما نجیب حسن آبادی کے بھائی)، حمداللہ ولد غلام دستگیر بلوچ، نعمت اللہ ولد عبدالخالق اور باول خان ولد نزیر احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو بغیر کسی الزام یا قانونی کارروائی کے حراست میں لیا گیا۔ تاہم ضلعی انتظامیہ یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
