
مستونگ اور خاران میں فورسز اور پولیس پر حملوں کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ معدنیات لے جانے والی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں آج دوپہر ٹُل کے مقام پر معدنیات لے جانے والے دو ٹرکوں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے باعث گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد فرنٹیئر کور (ایف سی) کی بھاری نفری، دو بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ، موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
اسی طرح آج مستونگ کے علاقے دشت میں بھی مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے پیدل اہلکاروں کو حملے میں نشانہ بنایا، جس کے باعث جانی نقصان کی اطلاعات ملی ہیں۔
دوسری جانب خاران شہر میں نامعلوم افراد نے پولیس پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او محمد قاسم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ان کی لاش کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے علاقے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
