
ڈیرہ مراد جمالی میں پٹ فیڈر کینال کے مقام پر ریلوے ٹریک کے پل پر بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت پیش آیا جب فورسز اہلکار پل پر نصب دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام نے تاحال جانی یا مالی نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ ریلوے حکام نے متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران ریلوے لائنز اور ٹرینوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال کے دوران ٹرین سروس کو 13 مختلف حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے کا واقعہ بھی شامل ہے۔
اس دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
