
کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو بلوچ ریپبلکن گارڈز (بی آر جی) کے حملے کے بعد منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جائے گی۔
یہ فیصلہ گزشتہ روز مستونگ کے علاقے دشت میں ٹرین پر ہونے والے بم دھماکے کے بعد کیا گیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق دھماکے سے متاثرہ ٹریک کی بحالی تاحال مکمل نہیں ہوسکی جبکہ پٹڑی سے اترنے والی بوگیوں کو بھی ٹریک سے نہیں ہٹایا جا سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرمت اور بحالی کا کام آج مکمل کر لیا جائے گا۔
حادثے میں ٹرین کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ ایک بوگی الٹ گئی تھی۔ لیویز حکام کے مطابق واقعے میں 13 مسافر معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔
بلوچ ریپبلکن گارڈز نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں پاکستانی فوج کے اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
