
بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے بختیار آباد کے قریب نیشنل ہائی وے N-65 پر ایک مسافر وین تیز رفتاری اور اوور لوڈنگ کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں 6 مسافر ہلاک جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے عملے نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو قریبی ایمرجنسی سینٹر بختیار آباد منتقل کردیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق وین میں گنجائش سے زائد مسافر سوار تھے اور ڈرائیور کی تیز رفتاری حادثے کی بڑی وجہ بنی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں تیز رفتاری اور اوور لوڈنگ کے باعث ٹریفک حادثات کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جن میں اکثر اوقات جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔