
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں 8 ستمبر کی شب مسلح افراد نے ڈیتھ اسکواڈ کارندوں کے ایک ٹھکانے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تین کارندے ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق رات 11 بجے کوہلو کے علاقے ڈیری فارم میں واقع ڈیتھ اسکواڈ کے ٹھکانے پر مسلح افراد نے کارروائی کی، جس میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت عثمان ولد رسول بخش، ان کے بیٹے خان محمد ولد عثمان اور محمد ولی ولد عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ افراد پاکستانی فوج کے حمایت یافتہ سرکاری گروپ ڈیتھ اسکواڈ سے تعلق رکھتے تھے، جو بلوچ نوجوانوں کی جبری گمشدگی اور قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں اس طرح کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ خضدار اور خاران میں بھی مسلح افراد نے چار افراد کو ہلاک اور سات کو اغوا کر لیا، جن میں خاران سے گرفتار کیے گئے چھ افراد کو بعد میں رہا کر دیا گیا، جبکہ خضدار سے گرفتار ڈیتھ اسکواڈ کا سرغنہ تاحال حراست میں ہے۔
ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔