
کوئٹہ سے معروف مذہبی اسکالر مولانا خلیل اللہ شہاب کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رات گئے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مولانا خلیل اللہ شہاب کے گھر پر چھاپہ مارا۔ بھاری تعداد میں اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کیا اور کسی کو قریب آنے یا سوال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ عینی شاہدین کے مطابق فورسز نے مولانا کو ان کے کمرے سے حراست میں لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
مولانا خلیل اللہ شہاب کے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اہلکاروں نے چھاپے کے دوران کسی قسم کی وضاحت یا قانونی کارروائی کا حوالہ نہیں دیا۔ واقعے کے بعد سے اب تک مولانا کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔