
بلوچستان کے ضلع کیچ میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات پیش آئے جن میں ایک شخص ہلاک اور خواتین و بچوں سمیت دس افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پہلا حادثہ بالگتر کے قریب پیش آیا جہاں گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے اتر گئی۔ اس حادثے میں نصراللہ ولد غلام موقع پر ہلاک ہوگیا۔ متوفی کا تعلق ضلع خضدار سے بتایا جاتا ہے۔
دوسرا حادثہ ایم-8 شاہراہ پر دشت کے نزدیک پیش آیا، جہاں ایک کرولا اور پک اپ میں تصادم ہوا۔ واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت دس افراد زخمی ہوئے جن کا تعلق دشت بلّن سے ہے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ حادثے کی وجہ ڈرائیور کی غفلت بتائی گئی ہے۔