
بلوچستان کے علاقے زامران اور جھاؤ میں پاکستانی فورسز کو مختلف حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز زامران میں فورسز کے قافلے کو اس وقت دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ گشت میں مصروف تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں قافلے کی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس میں سوار پانچ اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔
دوسری جانب یکم ستمبر کی شام تقریباً چار بجے جھاؤ کے علاقے ڈولیجی میں مسلح افراد نے موسی کمبی فوجی چوکی اور ڈولیجی فوجی کیمپ کے حفاظتی مورچوں پر بیک وقت بھاری اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ حملہ کافی دیر تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔