
غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ دو روز کے دوران درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
کل (پیر) کو اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی غزہ کے ناصر ہسپتال کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے، جن میں پانچ صحافی بھی شامل تھے۔ اس حملے کے باعث اسپتال کے کئی حصے تباہ ہوگئے اور طبی سہولیات مزید متاثر ہوئیں۔
آج (منگل) اسرائیلی بمباری کا مرکز غزہ سٹی کے مشرقی مضافات اور جبالیا کے علاقے تھے، جہاں شدید فضائی حملوں میں کم از کم 34 افراد جان سے گئے۔ بعض رپورٹوں میں ہلاکتوں کی تعداد 16 سے زائد بتائی گئی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق لگاتار بمباری کے باعث بڑی تعداد میں خاندان اپنے گھروں سے نکل کر نسبتاً محفوظ مقامات کی طرف ہجرت پر مجبور ہیں۔ ہسپتالوں پر حملے اور عام آبادی کو نشانہ بنائے جانے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
دو روز کے دوران ہونے والے ان حملوں میں مجموعی طور پر 50 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ زخمیوں کی درست تعداد تاحال سامنے نہیں آسکی۔
