
بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں گزشتہ رات مسلح افراد نے تقریباً 10 بجے مکہ ہوٹل اور تحصیل کے درمیان مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کی۔
عینی شاہدین کے مطابق بڑی تعداد میں مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی، اس دوران انہوں نے ایک مسلح شخص کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی ضبط کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ناکہ بندی کے دوران فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں نے پیش قدمی کی کوشش کی تاہم مسلح افراد نے ان پر حملہ کرکے پسپا کردیا۔
جھڑپ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی تصدیق تاحال نہیں ہوسکی، تاہم ہلاکتوں کے حوالے سے مزید تفصیلات آنا باقی ہیں۔