
بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے سنگانی سر میں گزشتہ شب دستی بم کے دھماکے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ایف سی اسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال تربت منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
زخمیوں کی شناخت ظفر، مرتضیٰ، شاہ زیب، جہانزیب، اشرف، محمد حسام، احسان اور نادل کے ناموں سے ہوگئی ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دستی بم کہاں پھینکا گیا تھا۔ دھماکے کی وجوہات بھی سامنے نہیں آسکیں جبکہ کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔