
بلوچستان کی مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں ایک خاتون سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ضلع تمبو کے تھانہ خان کوٹ کی حدود میں ایک خاتون اور ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں واقعے کی وجہ سیاہ کاری بتائی جارہی ہے۔
پولیس نے لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ واقعے کے بعد ورثا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب ضلع ڈیرہ بگٹی کے تھانہ سوی کی حدود کچھی کینال شاخ نمبر 13 میں بگٹی سندرانی قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان عبدالستار سندرانی بگٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ واقعے کے بعد لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی، حالات پر قابو پاتے ہوئے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق دونوں واقعات میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
