
کوئٹہ: بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 5911ویں روز میں داخل ہو گیا۔ تنظیم کا یہ طویل احتجاج لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے مطالبات کے لیے جاری ہے۔
اس موقع پر بی ایس او (پجار) کے وائس چیرمین بابل بلوچ اور ڈاکٹر طارق بلوچ نے کیمپ کا دورہ کیا اور وی بی ایم پی کے رہنماؤں و لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے جبری گمشدگیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے۔
رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں اور بلوچوں کے ماورائے قانون قتل کے سلسلے کو ختم کیا جائے، اور لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کر کے ان کے خاندانوں سے ملایا جائے۔
بی ایس او (پجار) کے دونوں رہنماؤں نے اپنی تنظیم کی جانب سے وی بی ایم پی کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے لیے یہ جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔
