
فلسطین: غزہ میں اسرائیلی فورسز کے تازہ حملوں میں کم از کم 68 فلسطینی ہلاک ہو گئے، جن میں اکثریت ان افراد کی ہے جو امدادی سامان کے حصول کے منتظر تھے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خان یونس کے قریب امدادی سامان لینے کے لیے جمع شہریوں پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ہو گئے۔
اسی طرح غزہ کے علاقے زکیم گزرگاہ کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 20 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ زکیم گزرگاہ وہ مقام ہے جہاں پچھلے کئی ہفتوں سے امدادی سامان سے بھری گاڑیاں پہنچ رہی ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے اہلکاروں نے گزرگاہ پر فائرنگ کی تاکہ “چند افراد کو نشانہ بنایا جا سکے”، تاہم دیگر جانی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
مسلسل حملوں کے باعث غزہ کے شہری خوراک، پانی اور طبی امداد کے شدید بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔