
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاکستانی فورسز کی گاڑی کو نامعلوم افراد نے آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا۔ دھماکے میں میجر سمیت تین اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق، آج رات 8:00 بجے کے قریب نوشکی کے علاقے کردگاپ میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو دھماکے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر رضوان، نائیک امین اور لانس نائیک یونس ہلاک ہو گئے، جبکہ تین دیگر اہلکار — سپاہی حسن، سپاہی حامد اور لانس نائیک فضل — شدید زخمی ہوئے۔
دھماکے میں فورسز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے، اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اب تک چار میجر رینک کے افسران سمیت متعدد اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں، جن کی ذمہ داریاں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔ تاہم، اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔