
بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں بروری تھانے کی پولیس نے کوئٹہ کے علاقے عیسیٰ نگری میں ایک رہائشی فلیٹ پر چھاپہ مار تربت سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی سرفراز شاہ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
گرفتار ہونے والے سرفراز شاہ “گدروشیا پوائنٹ” آن لائن نیوز چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن کے طالب علم ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پولیس نے چھاپے کے دوران فلیٹ کی مکمل تلاشی بھی لی۔
تاحال گرفتاری کی وجوہات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، اور نہ ہی بروری پولیس کی جانب سے کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔ صحافی برادری اور طلباء تنظیموں نے سرفراز شاہ کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔