
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پرانا پروم کراس سے ایک لاپتہ شخص کی گولیوں سے چھلنی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت عمر ولد بدل، ساکن گوارگو کے طور پر کی گئی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق مقتول کے جسم پر گولیوں کے متعدد نشانات پائے گئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے بے دردی سے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عمر کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ 31 جولائی 2025 کو گوارگو سے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا ہوا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے مقامی حکام کو بروقت اطلاع دی تھی، لیکن بازیابی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ پنجگور سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ مہینوں میں جبری گمشدگیوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ صرف گزشتہ تین روز کے دوران پنجگور میں لاپتہ افراد کی تین لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔