
بلوچستان کے علاقوں بولان، کیچ اور بارکھان میں مختلف واقعات میں ایک شخص ہلاک، دو زخمی جبکہ چار افراد کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا ہے۔
بولان کے علاقے ڈھاڈر میں اریگیشن آفس کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت لال محمد ولد لیاقت علی مستوئی اور میر حسن ولد گل حسن جتوئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دھماکے کے بعد زخمیوں کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ دھماکے کی نوعیت تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
مچھ میں دربار ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نوید نامی شخص ہلاک ہوگیا۔ واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔
کیچ کے علاقے دشت درچکو سے پاکستانی فورسز نے اتوار کی شب عدنان ولد غفور کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ ان کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
بارکھان کے علاقے رکھنی سے 15 جولائی کو پاکستانی فورسز نے عبدالرحمن سیلانی کو حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
ادھر کیچ کے علاقے سرنکن سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان، مہران ولد صادق اور نظام ولد عبدالکریم، کو گزشتہ روز فورسز نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ دونوں کے اہلِ خانہ کو تاحال ان کی موجودگی یا حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔