
بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقوں جھاؤ اور مشکے میں پاکستانی فوج نے ایک ہی دن میں چار افراد کو قتل کرکے ان کی لاشیں پھینک دیں۔
ذرائع کے مطابق، مشکے میں گزشتہ روز قتل کیے گئے نوجوان کی شناخت مزار بلوچ ولد جمال خان کے نام سے ہوئی ہے، جو مشکے کے علاقے گورکائی کے رہائشی تھے۔ گزشتہ روز فورسز کے کیمپ پر پیشی دینے کے بعد جب وہ واپس گھر جا رہے تھے تو پاکستانی فوج کے بنائے گئے ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں نے انہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ مزار بلوچ کو 2015 میں ایک بار جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جنہیں تین سال جبری گمشدگی کے بعد رہا کیا گیا۔ انہیں کافی عرصے سے فورسز کی جانب سے پیشی کے لیے کیمپ بلایا جا رہا تھا۔
واضح رہے کہ آواران میں ایک ہی دن میں یہ چوتھا واقعہ ہے، جس میں بلوچ نوجوانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اب تک چار افراد قتل کیے جا چکے ہیں۔