
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں گزشتہ دو روز سے پاکستانی فورسز کا وسیع پیمانے پر فوجی آپریشن جاری ہے۔ پاکستانی فوج نے 4 مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ آپریشن جمعہ کی صبح نوشکی کے پہاڑی علاقوں دوسئے، منجرو اور گرد و نواح میں شروع کیا گیا ہے، جس میں زمینی دستوں کے ساتھ ساتھ فضائی کمک بھی شامل تھی۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں مسلسل گن شپ ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھی گئیں، جبکہ وقفے وقفے سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔
دوسری جانب، پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فورسز نے 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقے پارود میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ان کے مطابق، کارروائی کے دوران 4 مسلح افراد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
تاہم تاحال کسی مسلح تنظیم یا آزاد ذرائع سے اس واقعے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، اور نہ ہی جاں بحق مسلح افراد کی شناخت کے بارے میں کوئی معلومات جاری کی گئی ہیں۔