
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کو کوئٹہ ائیرپورٹ پر دبئی جانے والی نجی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق سردار اختر مینگل کا نام “پرسن ناٹ اِن لسٹ” (PNIL) میں شامل ہونے کے باعث انھیں بیرونِ ملک سفر سے روکا گیا۔
ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل دبئی روانہ ہونے کے لیے کوئٹہ ائیرپورٹ پہنچے تھے، تاہم امیگریشن چیک کے دوران ایف آئی اے حکام نے انھیں پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا اور جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بی این پی سربراہ کا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل تھا، جس کی بنیاد پر انھیں بیرونِ ملک سفر سے روکا گیا۔
دوسری جانب بی این پی کے کارکنان اور رہنماؤں نے اس اقدام پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سینئر سیاسی رہنما کے ساتھ اس طرح کا رویہ قابلِ مذمت ہے، اور یہ سیاسی آزادیوں پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔