
بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ جولائی کو جھاؤ، گجرو کور میں قابض پاکستانی فورسز پر بی ایل ایف کے ایک مہلک حملے کے نتیجے میں ایک حاضر سروس میجر سید رب نواز طارق سمیت 6 اہلکار ہلاک ہوئے تھے جس کے جواب میں دشمن فورسز نے علاقہ میں زمینی اور فضائی کارروائیاں شروع کیں، مختلف مقامات پر کمانڈوز اتارے گئے اور زمینی فوج نے پیش قدمی کرتے ہوئے مختلف پہاڑی راستوں کو بند کر دیا۔ آپریشن کے دوسرے دن سرمچاروں نے ہیلی کاپٹروں سے اترنے والے ایس ایس جی کمانڈوز کو نشانہ بنایا اور چار اہلکار ہلاک کر دیے، ساتھ ہی سرمچاروں نے ایس ایس جی کمانڈوز کو پہنچائے جانے والی ہیلی کاپٹروں کو بھی بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بناکر بھاگنے پر مجبور کیا جس سے دشمن فورسز پسپا ہو گئیں۔
ترجمان نے کہا کہ سولہ جولائی کو شام 5 بجے کے قریب سرمچاروں نے کولواہ کے علاقہ بل الندور کے مقام پر قابض پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، اور دشمن کے اہلکاروں کو جانی و مالی نقصان پہنچایا۔
میجر گہرام بلوچ نے مزید کہا کہ بی ایل ایف کے سرمچاروں نے ایک کاروائی میں 17 جولائی کی رات 10 بجے کے قریب نوشکی کے علاقہ تاڈیز میں پولیس چوکی کو گھیرے میں لے لیا، ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، اور چوکی میں موجود سرکاری اسلحہ ضبط کر لیا۔ مزاحمت نہ کرنے پر پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا گیا۔