
بلوچستان کے اضلاع بولان اور کوہلو میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
بلوچستان کے ضلع بولان میں لیویز تھانہ بھاگ کی حدود میں واقع گوٹھ عظمت میں غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے ایک مرد اور ایک خاتون کو قتل کر دیا گیا۔ لیویز حکام کے مطابق دونوں لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ضلع کوہلو کے علاقے مری کالونی میں پرانے تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت شادی خان کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سٹی پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے، شواہد اکٹھے کیے گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔