
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں مری کیمپ کے قریب مین شاہراہ پر موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان کی جانب سے دہشت گردی کی غرض سے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں ٹائمر بم نصب کیا گیا تھا، جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والی خاتون مسماۃ حوری بی بی، اور دو راہگیر باغ علی اور عبدالقادر (ساکنان مری کیمپ) زخمی ہوئے۔
دھماکے سے موٹر سائیکل مکمل تباہ ہو گئی جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ ٹائمر ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔