
بلوچستان کے ضلع قلات میں نیمرغ کراس کے قریب کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ پر مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ شام کے وقت اس وقت پیش آیا جب کوچ قلات کے مضافات میں نیمرغ کراس کے قریب پہنچی۔ نامعلوم مسلح افراد نے کوچ پر براہ راست شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کئی افراد موقع پر ہی ہلاک و زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع سے 3 لاشیں اور 5 زخمیوں کو قلات کے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا ہے، جب کہ مزید زخمیوں کو بھی اسپتال لایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے قلات سول اسپتال کا محاصرہ کر لیا ہے، اور کسی کو اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ اسپتال میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی کوچ مسافر بس تھی، جن میں فوجی اہلکار سوار تھے، تاہم ابتک تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔