
بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سات بچے، پانچ مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ ہلاکتیں بلوچستان کے سات اضلاع — ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو، زیارت، لسبیلہ اور خضدار — میں پیش آئیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث ان اضلاع میں 58 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 11 مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔
بارشوں نے زرعی شعبے کو بھی متاثر کیا ہے، کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ کئی علاقوں میں ٹیوب ویلز پر نصب شمسی پلیٹیں بھی خراب ہوگئی ہیں، جن کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع صحبت پور مون سون بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ صحبت پور میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

