
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فورسز پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ خاران اور آواران میں پاکستانی فورسز پر شدید حملے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق، جھاؤ کے علاقے نوندڑہ کولنج میں آج دوپہر دو بجے کے قریب مسلح افراد نے یوفون کے موبائل ٹاور کو نذرِ آتش کر دیا۔ واقعے کے بعد فورسز کچ کیمپ سے روانہ ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور معائنہ کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق، شام سات بجے کے قریب دُرا گاؤں کے مقام پر واپسی کے دوران گھات لگائے مسلح افراد نے فوجی قافلے کو شدید حملے میں نشانہ بنایا۔ حملے میں فورسز کے اہلکاروں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
دوسری جانب، آج شام آٹھ بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے خاران شہر میں گواش روڈ پر قائم ایف سی چیک پوسٹ پر اس وقت حملہ کیا جب فورسز کے چھ اہلکار شہر کے خارجی راستے پر گاڑیوں کی تلاشی لے رہے تھے۔ حملے میں فورسز کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم، ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ البتہ، اس سے قبل گزشتہ روز جھاؤ میں پاکستانی فورسز پر حملے اور آٹھ اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی۔
بلوچستان بھر میں فورسز پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

