
بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کی کیپسٹی بلڈنگ کونسل کا اجلاس مورخہ 5جولائی 2025 کو پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر جلال بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کونسل کے فوکل پرسن حفیظ عبداللہ نے گزشتہ تین سالوں کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں تربیتی پروگراموں کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور حاصل کردہ اہداف کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اپنی بریفنگ میں حفیظ عبداللہ کا کہنا تھا کہ کیپسٹی بلڈنگ کونسل کی ٹیم نے نہایت محنت اور تنظیمی نظم و ضبط کے ساتھ تین سال کے دوران مرکزی، زونل اور یونٹ سطح پر کل 278 تربیتی سرکلز کا انعقاد ممکن بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف عددی اعتبار سے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ ان تین سالوں میں تربیتی عمل کسی بھی مرحلے پر جمود یا تعطل کا شکار نہیں ہوا۔ اس تسلسل کو برقرار رکھنا ہماری اجتماعی ٹیم ورک، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور واضح حکمتِ عملی کا مظہر ہے، حفیظ عبداللہ نے کہا۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا تمام ٹیم ممبران کے سر باندھا جنہوں نے خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا۔
اجلاس میں کونسل کے ممبران نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس ٹیم ورک، تندہی اور مسلسل محنت کے ساتھ گزشتہ تین سالوں میں تربیتی عمل کو آگے بڑھایا گیا ہے، آج اس کے مثبت نتائج سب کے سامنے ہیں۔ اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ تربیتی پروگرام کسی بھی تنظیم کی نظریاتی اور عملی نشوونما کے ضامن ہوتے ہیں، اور بی این ایم کی قیادت و کارکنان نے اس میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر جلال بلوچ نے کیپسٹی بلڈنگ کونسل کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ
278 تربیتی پروگراموں کا انعقاد یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے، لیکن اس سے بھی بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس پوری مدت میں تربیت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہا۔ یہی تسلسل ادارے کی مضبوطی کی علامت ہے، اور یہی وہ بنیاد ہے جس پر ہماری پارٹی کی مجموعی کارکردگی استوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی این ایم کی تنظیمی ترقی، کیڈرز کی فکری تعمیر اور قیادت کی تربیت ایک ہمہ گیر منصوبے کے تحت کی جا رہی ہے، جس کے مظاہر ہمیں میدانِ عمل میں واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔ ہم آج دیکھتے ہیں کہ تنظیم پہلے سے زیادہ منظم، مربوط اور نظریاتی سمت میں واضح ہوچکی ہے۔
اجلاس کے دوسرے حصے میں، پارٹی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے تربیتی ورکشاپس کے فوکل پرسن کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا۔ اراکینِ کونسل نے دیدگ بلوچ کو کثرتِ رائے سے اس ذمہ داری کے لیے منتخب کیا۔ دیدگ بلوچ نے اعتماد کے اظہار پر ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح تربیتی پروگراموں میں ہم نے اجتماعی عمل اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا، بالکل ویسا ہی جذبہ تربیتی ورکشاپس کے لیے بھی درکار ہے۔ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ اس عمل میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے اور ہم تسلسل کے ساتھ معیار کو برقرار رکھ سکیں۔
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر جلال بلوچ نے کہا کہ بی این ایم کا اصل مقصد ایک ایسی سیاسی قیادت اور کیڈرز کی تیاری ہے جو نہ صرف قومی شعور سے بہرہ مند ہوں بلکہ نظریاتی، عملی اور تنظیمی طور پر بھی باصلاحیت ہوں۔
ایسے تربیتی پروگرام ہی وہ نرسریاں ہیں جہاں مستقبل کے معمار تیار ہوتے ہیں۔ ہماری کامیابی کا اصل جشن تب ہوگا جب پارٹی میں قیادت و کیڈرشپ کا فقدان نہ ہو، بلکہ ہر مرحلے پر تربیت یافتہ، باشعور اور نظریاتی کارکنان موجود ہوں۔
انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ بی این ایم کی تنظیمی حکمتِ عملی میں ادارتی طرزِعمل کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور تربیتی کونسل جیسے ادارے اسی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔
اجلاس کا اختتام پرامید ماحول میں ہوا جہاں بی این ایم کی تنظیمی تربیت کو مستقبل میں مزید مؤثر، بامقصد اور ہم آہنگ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کیپسٹی بلڈنگ کونسل جیسے ادارے پارٹی کی فکری، تنظیمی اور نظریاتی بنیاد کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

