
بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں گھات لگائے مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے قافلے پر شدید حملہ کیا۔ حملے کے بعد کمک کے لیے آنے والی فورسز کی بکتر بند گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ حملہ آج دوپہر تقریباً ایک بجے جھاؤ کے علاقے نوندڑہ میں عظیم گوٹھ کے مقام پر کیا گیا، جہاں مسلح افراد نے فورسز کے قافلے میں شامل دو گاڑیوں اور متعدد موٹرسائیکلوں کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران علاقے میں تقریباً تیس منٹ تک شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
بعد ازاں، فورسز کے اہلکاروں کی مدد کے لیے آنے والی فوجی بکتر بند گاڑی اور موٹرسائیکلوں پر بھی مسلح افراد نے حملہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، تاہم سرکاری سطح پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ آواران سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کو مسلسل شدید حملوں کا سامنا ہے۔ ان حملوں کی ذمہ داری اکثر بلوچ مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں، تاہم اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔