
تربت سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گزشتہ شب حراست میں لیے گئے سیاسی کارکن گلزار دوست کو آج، پیر کے روز، عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے مختصر فیصلے میں انہیں پانچ روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
گلزار دوست کی جانب سے کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر مجید شاہ ایڈووکیٹ، سینئر وکلا جاڈین دشتی ایڈووکیٹ اور نیاز احمد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈووکیٹ مجید شاہ نے گلزار دوست کے پانچ روزہ ریمانڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خلاف قائم مقدمات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، جنہیں عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت آئندہ سماعت میں ان بے بنیاد اور کمزور مقدمات کی بنیاد پر گلزار دوست کو رہا کرے گی۔