
بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں یوسف پٹرول پمپ کے قریب پاکستانی فورسز کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ حکام نے حملے میں دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب، ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں ملا گزی کے مقام پر قائم پاکستانی فورسز کی چوکی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، اس دوران 20 منٹ تک شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
اس حملے میں بھی پاکستانی فورسز کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم تاحال حکام کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہزار گنجی جتک مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
مقتول کا نام مقبول احمد ولد نواب خان قوم قلندرانی، سکنہ مچھ بتایا جاتا ہے۔ لاش کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔

