
بلوچستان کے اضلاع مستونگ اور کیچ میں تین مختلف واقعات میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ مسلح افراد نے ایک بینک لوٹ لیا گیا اور نادرا دفتر کو نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں ماشاءاللہ ہوٹل کے قریب ایک مخبوط الحواس شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، نامعلوم افراد نے مقتول کو سر میں گولی مار کر ہلاک کیا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم، مقتول کی شناخت اور قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔
دوسری جانب، مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے بینک الحبیب کو لوٹ لیا۔ مسلح افراد نے بینک میں داخل ہو کر عملے کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا۔ بینک الحبیب تحصیل آفس کے سامنے واقع ہے۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی، جبکہ ڈکیتی میں بینک سے لاکھوں روپے لوٹے گئے۔ پولیس کے مطابق، مکمل تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ادھر، ضلع کیچ کے تحصیل تمپ میں نادرا دفتر کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔ نامعلوم مسلح افراد نے نادرا دفتر پر حملہ کر کے فائرنگ کی اور بعد ازاں سرکاری ریکارڈ جلا دیا۔ پولیس کے ایک اہلکار نے نادرا دفتر کو آگ لگانے اور ریکارڈ کو نقصان پہنچانے کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دشت کھڈان میں بھی نامعلوم افراد نادرا دفتر کا تمام ریکارڈ نذرِ آتش کر چکے ہیں۔