
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہزار گنجی کے قریب مغربی بائی پاس پر ایک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مستونگ کی سمت سے آنے والے ایرانی پیٹرول سے بھرے لوڈر رکشہ نے ایک لوکل مسافر بس کو ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پیٹرول سے بھرے رکشے کے پھٹنے سے دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اُٹھی۔
حادثے کے نتیجے میں بس اور لوڈر رکشہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں کے مطابق 6 مسافر موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جن کے جسم کا 60 سے 70 فیصد حصہ جھلس چکا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔