تمپ: شٹر ڈاؤن ہڑتال دوسرے روز بھی جاری، لیویز و پولیس تھانوں کے سامنے احتجاجی دھرنا

ضلع کیچ کے تحصیل تمپ میں چوری، ڈکیتی اور بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف شہریوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ انجمن تاجران، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں اور مقامی افراد کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا سلسلہ مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں اور بازار سنسان رہے۔

ہڑتال کے دوران ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، جو مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی لیویز تھانہ اور پولیس تھانہ تمپ پہنچی۔ مظاہرین نے تھانوں کے سامنے دھرنا دیا اور بدامنی کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ تحصیل تمپ میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں۔ نہ صرف گھروں اور دکانوں کو لوٹا جا رہا ہے بلکہ مال مویشی تک چوری کیے جا رہے ہیں، جس سے عوام شدید ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

بعد ازاں چیئرمین میونسپل کمیٹی تمپ امین قریشی، لیویز ایس ایچ او نصیر گچکی اور انجمن تاجران کے رہنماؤں سیٹھ اختر عمر، سیٹھ یاسین آسکانی اور رحیم ملک میرو کے درمیان مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات کے نتیجے میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر کے روز تمپ کے تاجران اور سول سوسائٹی کا ایک نمائندہ وفد ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی پولیس سے ملاقات کرے گا، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

دریں اثنا، شہریوں اور تاجر برادری نے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ