
بلوچستان کے علاقے چمن میں لیول کراسنگ کے قریب لیویز فورس پر مسلح افراد نے فائرنگ جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق لیویز اہلکار روغانی روڈ پر مشکوک افراد کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ تاہم حملہ آوروں نے رکنے کے بجائے لیویز فورس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار عصمت اللہ، عبدالرزاق اور عباس زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر چمن سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اہلکار عصمت اللہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
دیگر دو زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔