
ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے گاؤں کوہاڈ میں مقامی خواتین نے تین مسلح افراد کو گرفتار کر لیا، جو مبینہ طور پر ایک مقامی نوجوان کو قتل کرنے کی نیت سے علاقے میں داخل ہوئے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں تین افراد کو ہجوم کے درمیان ہاتھ باندھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ تمپ کوہاڈ کے رہائشی تنویز نذر کو قتل کرنے کی کوشش میں ملوث تھے۔ ویڈیو میں ان افراد پر تشدد کے مناظر بھی دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ ایک شخص اعترافی بیان دیتے ہوئے دکھائی دیتا ہے، جس میں وہ ناصر آباد سے کوہاڈ آنے اور تنویز نذر کے گھر پہنچنے کی تفصیل بیان کرتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق خواتین نے ان افراد کو مشکوک سمجھتے ہوئے اسلحہ سمیت پکڑ لیا۔ گرفتار افراد نے بعدازاں قتل کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ماضی میں بھی گاؤں کوہاڈ میں سات افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ گرفتار افراد اسی سلسلے کا حصہ ہیں۔
مقامی آبادی اور بعض سیاسی حلقوں نے ان افراد کو ایک ریاستی حمایت یافتہ گروہ سے جوڑا ہے، جنہیں علاقے میں “ڈیتھ اسکواڈ” کے نام سے جانا جاتا ہے۔
گرفتار افراد کے پاس ایک کلاشنکوف اور پسٹل برآمد ہوئی ہے۔