
بلوچستان: خاران پولیس نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی کال پر نکالی گئی پُرامن ریلی پر کارروائی کرتے ہوئے 13 خواتین سمیت متعدد افراد کو نامزد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے، جب کہ 60 سے 70 نامعلوم افراد کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے۔
ریلی بی وائی سی کی مرکزی قیادت کی گرفتار اور ان کی رہائی کے مطالبے کے لیے نکالی گئی تھی۔ مظاہرین نے پُرامن طریقے سے اپنے مطالبات پیش کیے، تاہم پولیس نے ریلی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مقدمات درج کر دیے۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں ریاستی احکامات کی خلاف ورزی، امن عامہ میں خلل اور غیر قانونی اجتماع کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پُرامن احتجاجی مظاہروں پر پولیس کی جانب سے دھاوا بولا گیا، مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور ان کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کئی رہنما تری ایم پی او کے تحت گزشتہ کئی مہینوں سے کوئٹہ کی ہدہ جیل میں قید ہیں۔