
تربت کے علاقے عومری کہن میں آج لاپتہ غلام جان کی بازیابی کے لیے اہل خانہ اور مقامی افراد نے سی پیک کی اہم شاہراہ ایم ایٹ کو بلاک کردیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ غلام جان کو پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا ہے۔
احتجاج میں غلام جان کے اہل خانہ کے ساتھ مقامی افراد اور سماجی کارکنان بھی شریک ہیں، جنہوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں اور غلام جان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ ان کا واحد مطالبہ اپنے پیاروں کی واپسی ہے اور جب تک غلام جان واپس نہیں آتا، احتجاج جاری رہے گا۔
اس احتجاج کے باعث سی پیک روٹ پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوچکی ہے، جس سے مقامی افراد کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ لاپتہ افراد کے لواحقین نے سی پیک شاہراہ پر احتجاج کیا ہو۔ اس سے قبل بھی متعدد بار اس نوعیت کے دھرنے دیے جا چکے ہیں جن میں جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

