
بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے اسسٹنٹ کمشنر تمپ، حنیف نورزئی کی ایک مختصر ویڈیو فوٹیج جاری کی ہے، جس میں وہ یہ کہتے سنے جا سکتے ہیں “میں بلوچ سرمچاروں کی تحویل میں ہوں”۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بی ایل ایف کے سرمچاروں نے ایک آپریشن کے دوران انہیں حراست میں لے کر اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر منتقل کیا تھا۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کسی نامعلوم مقام پر بلوچ سرمچاروں کی تحویل میں موجود ہیں۔
بی ایل ایف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سرمچاروں نے تنظیم کے خفیہ ونگ کی طرف سے موصولہ اطلاع پر 4 جون 2025 کو ایک کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تمپ، محمد حنیف نورزئی کو سرینکن کے مقام پر اُن کے اہلِ خانہ، سرکاری محافظوں اور ڈرائیور سمیت حراست میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو مزید تفتیش کے لیے تنظیم کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تنظیم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اپنے فیصلے کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔