
بلوچستان کے دو مختلف اضلاع نوشکی اور مستونگ میں پاکستانی فورسز کو دو الگ الگ حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جن میں فورسز کو جانی و مالی نقصانات اٹھانا پڑا ہے۔
پہلا حملہ نوشکی شہر کے قریب دو سئے کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مرکزی شاہراہ پر فوجی قافلے کی ایک گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں قافلے کی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار اہلکاروں کو شدید جانی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں کی پروازیں دیکھی گئیں۔ سرکاری سطح پر تاحال کسی قسم کی تصدیق یا تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
دوسرا دھماکہ مستونگ میں ہوا جہاں سی سی ایم ناکہ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ایف سی چیک پوسٹ کو دستی بم سے نشانہ بنایا۔ حملہ کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ (N-25) پر واقع چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ دستی بم دھماکے میں فورسز کو نقصان پہنچا، تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
دونوں حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہیں۔