
یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے فوجی اڈوں پر ایک بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے میں 40 فوجی طیارے تباہ کر دیے ہیں۔ اس کارروائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرون حملوں کے بعد جہازوں کو آگ کے شعلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
یوکرینی حکام کے مطابق اس حملے میں 472 ڈرونز، سات بیلسٹک اور کروز میزائل استعمال کیے گئے۔ یہ حملہ روس کے خلاف یوکرین کا اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں جاری تھیں اور دونوں ممالک ایک بار پھر ترکی کے شہر استنبول میں ملاقات کرنے والے تھے۔
روس کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ یوکرین نے گزشتہ صبح اس کے پانچ مختلف ریجنز میں واقع ایئرفیلڈز پر حملے کیے۔ وزارت نے ٹیلیگرام پر ان حملوں کو مرمنسک، ارکوتسک، ایوانو، ریازن اور امور میں دہشتگردانہ حملہ قرار دیا ہے۔
وزارت کے مطابق حملوں کے نتیجے میں ایوی ایشن کے متعدد آلات کو آگ لگی، جسے بعد میں بجھا دیا گیا۔ ارکوتسک کے گورنر کے مطابق ٹرکوں سے سریدنی اور سائبریا کے فوجی اڈوں پر حملہ کیا گیا۔
یوکرین کی سکیورٹی سروس کے مطابق “آپریشن اسپائیڈرز ویب” کی ڈیڑھ برس سے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی اور اس کی نگرانی صدر زیلنسکی خود کر رہے تھے۔
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ مرمنسک اور ارکوتسک کے فوجی اڈے اب بھی فعال ہیں۔