
ہفتے کے روز بلوچستان کے دو مختلف علاقوں، ڈیرہ مراد جمالی اور سوئی میں گیس پائپ لائنوں کو دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے نصیرآباد میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت پائپ لائن میں گیس کی سپلائی بند تھی جس کے باعث صرف معمولی نقصان ہوا۔
دوسرا واقعہ سوئی میں کشمور روڈ پر مزاری کوٹ کے مقام پر پیش آیا، جہاں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کیا گیا۔ پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ایس ایس پی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا ہے۔
تاہم دونوں واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہیں۔