
بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کلی دتو سے آج صبح فجر کے وقت تقریباً 5 بجے فرنٹیئر کور (ایف سی) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے عابد حسین ولد محمد زمان کو ان کے گھر سے زبردستی حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
عابد حسین کی جبری گمشدگی کے خلاف ان کے اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ-کراچی شاہراہ کو شہید غلام علی چوک، نزد رحمان ہوٹل، مستونگ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے باشعور عوام، خصوصاً مستونگ کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور عابد بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ہمارے ساتھ احتجاج میں شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف عابد حسین کا مسئلہ نہیں، بلکہ ہر اس فرد کا درد ہے جو ریاستی جبر کا شکار ہو رہا ہے۔

