
بلوچستان کے ضلع کیچ میں تربت سے 40 کلومیٹر دور علاقہ ناصر آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دستی بم گھر کے اندر گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے گھر میں موجود افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی شناخت معیار ولد قاسم، عائشہ بنت شبیر، فاطمہ بنت شبیر اور شہزاد بنت شبیر کے ناموں سے ہوئی ہے جو ناصر آباد کے رہائشی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حملے کے فوراً بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
مقامی ذرائع اور سماجی حلقوں کا الزام ہے کہ یہ حملہ پاکستانی فوج کے تشکیل کردہ مبینہ ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں کی کاروائی ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گومازی اور پنجگور میں ڈیتھ اسکواڈ کارندوں کے جانب ایسے ہی حملے مقامی گھروں پر کیے گئے تھے جن میں جانی اور مالی نقصان ہوا تھا۔