
بلوچستان کے اضلاع آواران اور قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج کولواہ کے علاقہ شاہ بوتل میں قائم فورسز کی چوکی کو حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملے کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
دوسری جانب آج قلات کے علاقے گراپ میں نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت دھماکے میں نشانہ بنایا جب وہ راستے کی کلیئرنس میں مصروف تھے۔
حملوں میں فورسز کو جانی و مالی نقصانات کی اطلاع ہے تاہم حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ آج کولواہ میں مسلح افراد اور مقامی ڈیتھ اسکواڈ کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی تھی جن میں متعدد ہلاکتوں کی اطلاع ہے جبکہ جھڑپ کے بعد فورسز کو جائے وقوعہ کی جانب جاتے دیکھا گیا جنہوں نے بعد ازاں ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں کی لاشیں اٹھا کر گیشکور کی جانب روانہ ہوا۔