
بلوچستان کے اضلاع کیچ، پنجگور اور آواران میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو مختلف حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج رات ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں نیوی کے کیمپ پر متعدد دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
دوسری جانب ضلع پنجگور میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں اور شدید فائرنگ کا سلسلہ گھنٹوں تک جاری رہا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مسلح افراد نے فورسز کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔ اس حوالے مزید تفصیلات آنا باقی ہیں۔
آواران کے علاقے مالار مچھی میں آج شام تقریباً چھ بجے قائم پاکستانی فورسز کی چوکی پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ اس دوران دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔
بلوچستان میں پاکستانی فورسز پر حملوں کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری ہے۔ ان حملوں کی زمہ داری بلوچ مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں، تاہم ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔