
مکران کوسٹل ہائی وے پر رسملان کے قریب شم کے مقام پر ایک المناک حادثہ پیش آیا، جس میں کراچی سے تربت جانے والی ایک مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 29 افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جاوید کوچ کا ڈرائیور کراچی سے گوادر کی طرف جانے والی الشعیب کوچ کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
مقامی لوگوں نے 14 زخمیوں کو ریسکیو کیا، جن میں 6 خواتین اور 3 بچے شامل تھے۔ ان تمام زخمیوں کو فوری طور پر اورماڑہ کے درمان جاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب رسملان میں موجود ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کی امدادی ٹیمیں بھی اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں کچھ شدید زخمیوں کو ریسکیو ایمبولینسوں کی مدد سے مزید علاج اور بحالی کے لیے اورماڑہ میں واقع نیوی ہسپتال درمان جاہ منتقل کر دیا گیا جبکہ کچھ دیگر زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اوتھل روانہ کر دیا گیا۔
اس افسوس ناک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 29 بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب حب چوکی چئیرمین کانٹے کے سامنے ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے ۔سوزکی اور مہران کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔
تمام زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سیول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔